ملک کی آدھی عوام کو اے ٹی ایم چلانی نہیں آتی تو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کیسے چلائیگی؟اسماعیل راہو

کراچی پیپلز پارٹی کے رہنما ء اور صوبائی وزیر بورڈ اور جامعات اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال انتخابات کو مکمل یرغمال کرنے کا منصوبہ ہے۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں اسماعیل راہو نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں ووٹ چوری نہیں ہوں گے اس کی گارنٹی کون دے گا؟ الیکٹرانک مشین سے بڑی آسانی سے ووٹ چوری ہوسکتے ہیں، عمران خان عوام سے جھوٹ بول رہے ہیں۔ اسماعیل راہو نے کہا کہ اس ملک میں ایوب، ضیاء اور مشرف دورمیں جھوٹے انتخابات کے ذریعے جمہوریت کو اغوا کیا جاتا رہا ہے۔ 2018 کے عام انتخابات بھی اسی سلسلے کی جدید شکل تھی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک کی آدھی عوام کو اے ٹی ایم چلانی نہیں آتی تو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کیسے چلائیگی؟، ملک میں عام انتخابات شفاف ہونے چاہئیں، پی ٹی آئی حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر زور دے رہی ہے، لگتا ہے دال میں کچھ کالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیلٹ پیپر سے ہونے والے انتخابات سے سلیکٹڈ خان بھاگ رہے ہیں؟ وہ نہ بیلٹ پیپر کے ذریعے آئے تھے اور نہ ہی انہیں بیلٹ پیپر پے یقین ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا تجربہ کئی دوسرے ممالک میں ناکام ہو چکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں