لاپتہ افراد کو بازیاب کیا جائے، نیشنل پارٹی
کوئٹہ:نیشنل پارٹی کے زیراہتمام میرحاصل خان بزنجو کی پہلی برسی کے موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی صدروسابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی زیر صدارت منعقد ہونے والے جلسے میں متعددقرار دادیں پاس کی گئیں جس میں کہا گیا ہے کہ یہ جلسہ میرحاصل خان بزنجو کی سیاست میں جرات مندانہ اور مخلصانہ جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سیاست کے میدان میں انکی کاوشوں کو سلام پیش کرتا ہے،یہ جلسہ گوادر میں چین اوردیگر ممالک کے ٹرالنگ کی بھر پور الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ فوری طور پر ٹرالنگ کو ختم کیا جائے،یہ جلسہ مطالبہ کرتا ہے کہ لاپتہ افراد کو بازیاب کیا جائے اور غیرانسانی اور غیر آئینی اقدام سے گریز کیا جائے اگر کوئی شخص کسی جرم میں ملوث ہے تو اسے عدالت کے سامنے پیش کیا جائے،یہ جلسہ الیکشن کے عمل میں الیکٹرونک مشین کی تجاویز کی بھرپور مخالفت کرتا ہے اور سمجھتا ہے کہ الیکٹرونک مشین کے ذریعے ووٹ ڈالنے کی تجاویز دراصل الیکشن میں اپنے پسند کے نتائج لانے کے مترادف ہے،یہ جلسہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی بھرپور مخالفت کرتے ہوئے یہ سمجھتا ہے کہ مذکورہ آرڈیننس آزادی رائے پرقدغن ہے اورآئین کے خلاف ہے،یہ جلسہ مطالبہ کرتا ہے کہ 18ویں ترمیم پرصحیح معنوں میں عملدرآمد کیا جائے وفاق اوروفاقی وحدتوں کے درمیان اختیارات میں توازن کو یقینی بنایا جائے،یہ جلسہ گوادر میں نیشنل پارٹی کے پرامن اجتماع پر انتظامیہ کے تشدد کی بھر پور مذمت کرتا ہے،یہ جلسہ سریاب میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ،پانی کی عدم فراہمی اوردیگر مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کرتا ہے کہ سریاب بھی کوئٹہ کا حصہ ہے اسے بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے


