سردار عطاء اللہ مینگل پورے بلوچستان کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں، عبدالکریم نوشیروانی
کوئٹہ:بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے بزرگ سیاستدان سردار عطاء اللہ مینگل کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ سردار عطاء اللہ مینگل نہ صرف بلوچ قوم بلکہ پورے بلوچستان کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں جنہوں نے ملک میں آمریت کے خلاف آواز بلند کی اور جمہوریت کی بحالی اور بقاء کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے حقوق کے لئے جدوجہد کی اس جدوجہد کے دوران انہوں نے قیدو بند کی صعوبتیں بھی برداشت کیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں بلوچستان میں بسنے والی تمام مظلوم اقوام کی داد رسی کیلئے سلامت رکھے اور درازی عمر عطاکرے۔ یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ بزرگ سیاستدان سردار عطاء اللہ مینگل نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کے عوام کا وہ قیمتی سرمایہ اور اثاثہ ہیں جنہوں نے ملک کی تمام مظلوم اقوام خصوصاً بلوچ قوم کے حقوق کے لئے ہمیشہ آواز بلند کی اور ان کی اس حوالے سے خدمات کو تاریخ میں سنہرے حروف سے درج کیا جائیگا۔ سردار عطاء اللہ مینگل اصول پرست سیاستدان ہیں جنہوں نے اپنے دیگر ساتھیوں اور رفقاء کے ہمراہ ہر دور میں آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ملک میں جمہوریت کی بحالی اور بقاء کے لئے ان کی خدمات قابل تحسین ہیں میری پاکستانی قوم سے یہ اپیل ہے کہ وہ سردار عطاء اللہ مینگل کی جلد صحتیابی اور عمر درازی کے لئے دعا کریں اللہ تعالیٰ انہیں جلد صحت کاملہ عطاء کرے۔ آمین


