شہباز شریف نے قومی حکومت نہیں، قومی مفاہمت کی بات کی تھی، مریم نواز
اسلام آباد :پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا ذاتی خیال ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر نے قومی حکومت نہیں بلکہ قومی مفاہمت کی بات کی تھی، حکمراں جماعت نے ملک کا جو حال کیا ہے اس کے بعد مجھے نہیں لگتا ہے کہ مفاہمت تو دور کی بات، ان سے بات بھی کرنی چاہیے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایون فیلڈ کیس سماعت کے بعد احاطہ عدالت میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری کوشش ہونی چاہے کہ حکومت کا راستہ اور آئندہ عام انتخابات میں دھاندلی کے لیے بنائے گئے منصوبوں کو روکا جائے تاکہ مسلط کی گئی حکومت سے چھٹکارہ حاصل ہوسکے۔
قومی حکومت سے متعلق ایک سوال کے جواب میں مریم نواز نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے حوالے سے کہا کہ میرا ذاتی خیال ہے کہ انہوں نے قومی حکومت کی بات نہیں کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے یقینی طور پر قومی مفاہمت کی بات کی تھی، اس وقت ملک جس قدر منقسم ہے اس پر حکومت سے باہر تمام سیاسی جماعتوں کو سوچنا چاہیے وہ اس ملک کو ترقی کی راہ پر کیسے گامزن کریں۔
حکومت کی تین سالہ کارکردگی رپورٹ سے متعلق سوال کے جواب میں نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ کارکردگی سے مراد کچھ اچھا، کچھ بُرا جبکہ یہ تو کارکردگی رپورٹ ہی نہیں ہےبلکہ تباہی اور بربادی رپورٹ کہنا چاہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اتنی نااہل، بے حس اور نالائق حکومت نہیں آئی ہے، گزشتہ تین برسوں میں آٹا، گھی، چینی سمیت دیگر اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں کمی نہیں آئی ہے، کسی نے سنا کے بجلی کے بل کم ہوگئے ہیں۔
مریم نواز نے ریپ کے کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح ان کیسز کی تفتیش کی جارہی ہے، اس کی بدترین مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی، اس حکومت میں لاقانیت بڑھ گئی ہے لیکن انہیں کسی چیز کی پرواہ نہیں ہے وہ بس اپوزیشن کو زیر کرنے میں کوشاں ہے۔انہوں نے میڈیا کو ریگولیٹ کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ میڈیا کی زباں بندی پر حکومت کا زور ہے لیکن خود اپنے کردار کا احتساب نہیں کرنا۔
اس سے قبل مریم نواز نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے عوام سے کہا تھا کہ جب حکومتی امیدوار ووٹ مانگنے آئے تو انہیں بجلی کا بل تھما دو لیکن جب لوگ سلیکٹرز کو برا بھلا کہتے ہیں تو برا لگتا کیونکہ ادارہ تو آخر ہمارا ہے۔مریم نواز نے کہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے علاوہ کسی اور جماعت نے وزیرآباد کی خدمت نہیں کی۔


