خواتین کی معیشت میں شمولیت بڑھانے کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے، صدر مملکت
ا اسلام آباد :صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ خواتین کی معیشت میں شمولیت بڑھانے کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے،افغانستان میں امن سے پاکستان کو سب سے زیادہ فائدہ ہوگا، افغانستان کو تعمیر و ترقی کیلئے پاکستان کی معاونت کی ضرورت ہوگی۔صدر عارف علوی نے ریڈی میڈ ملبوسات کے صنعتکاروں، برآمد کنندگان کی ایسوسیشن (پریگمیا) کی ایوارڈز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خواتین کی معیشت میں شمولیت بڑھانے کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے، کاروباری سرگرمیوں میں خواتین کی شمولیت کے بغیر ترقی اْدھوری ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان میں امن سے پاکستان کو سب سے زیادہ فائدہ ہوگا، افغانستان میں تعمیر و ترقی کیلئے پاکستان کی معاونت کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ تعلقات خراب کیے، بھارت اپنی 15 فیصد مسلمان آبادی کو تنہا کرکے خطرات مول لے رہا ہے، پاکستان نے انتہاء پسندی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اہم سبق حاصل کئے، انصاف کی بنیاد پر فیصلوں سے ہی مْلک ترقی کرسکتا ہے۔ صدرمملکت نے کہاکہ حکومت نے پالیسیز کی تیاری میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا، حکومت کا کام کاروباری طبقے، برآمد کنندگان اور صنعت کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے مشاورت سے صنعت کاروں کے مسائل کو حل کیا، پاکستانی ملبوسات کی قدر میں اضافے کیلئے پاکستان کو اپنے برانڈز قائم کرنے کی ضرورت ہے۔صدر مملکت نے کہاکہ کپاس کی زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے، پاکستانی ملبوسات کی برآمدات میں گزشتہ سال 14 فیصد کا اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے موزوں ماحول فراہم کرنے کیلئے اقدامات کررہا ہے، پاکستانی تاجروں کو برانڈ پاکستان پر اعتماد قائم کرنے کیلئے ایمانداری اور دیانت داری کو مشعل راہ بنانے کی ضرورت ہے، پاکستان معاشی ترقی کے ساتھ اخلاقی طور پر بھی بہتری کی طرف گامزن ہے۔


