افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے معاملے پر ایکشن لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین سیفران کمیٹی سینیٹر تاج آفریدی نے وزیر اعظم عمران خان کو افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کے سلسلے میں خط لکھا تھا جس پر انھوں نے ایکشن لے کر پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کی ہدایت کر دی۔ذرایع کے مطابق وفاقی حکومت نے افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کو رواں ہفتے واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے، وطن واپسی پر ان مسافروں کو 7 دن قرنطینہ میں رکھا جائے گا، وزیر اعظم نے طورخم بارڈر پر قرنطینہ سینٹر کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت بھی کر دی۔مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نے اس سلسلے میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سیفران کے چیئرمین کو فون کر کے مطلع کیا کہ طورخم، چمن بارڈر پر پھنسے پاکستانیوں کو جلد واپس لایا جائے گا۔سینیٹر تاج آفریدی کا کہنا تھا کہ بارڈر پار پاکستانی مسافروں اور ڈرائیورز کو مشکلات کا سامنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں