تصادم میں پہل نہیں کرینگے، عالمی برادری جلد تسلیم کرے،طالبان

کابل : افغانستان کے نائب وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا ہے کہ جو ہمارے ساتھ انتشار کی سیاست کرے گا وہ تنہا رہ جائے گا،افغانستان میں بیرون ملک سے لڑنے کوئی جنگجو نہیں آیا، امن کا سہرا مقامی افراد کے سر جاتا ہے، افغان عوام سے دوستی کے لیے کوئی ایک قدم بڑھائے تو طالبان حکومت دو قدم بڑھاتی ہے۔ کابل میں وزارت تجارت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طالبان رہنما امیر خان متقی نے کہا کہ 50 ممالک کا اتحاد ہمارے خلاف افغانستان میں داخل ہوا تھا، افغانستان میں بیرون ملک سے لڑنے کوئی جنگجو نہیں آیا، امن کا سہرا مقامی افراد کے سر جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے، تصادم نہیں چاہتے اور نہ ہی اس میں پہل کریں گے۔کابل(آئی این پی) افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ امید ہے عالمی برادری جلد ہمیں تسلیم کرے گی۔ اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ مختلف ممالک سے رابطے میں ہیں، افغان عوام کا حق ہے ان کی حکومت کو تسلیم کیا جائے۔ ذبیح اللہ مجاہد کا مزید کہنا تھا کہ مختلف ممالک کے نمائندوں سے ملاقات ہوئی ہے، اقوام متحدہ سے بھی بات چیت جاری ہے، امید ہے جلد ہمیں تسلیم کرلیا جائے گا جو ہمارا حق ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں