بھارت نے ہمیشہ خطے میں بگاڑ کا کردار ادا کیا، معید یوسف

اسلام آباد: مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ خطے میں بگاڑ کا کردار ادا کیا ہے۔ مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے روسی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان گذشتہ چار دہائیوں سے حالت جنگ میں ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ کہا کہ افغانستان کا سیاسی حل ہونا چاہئیے، ہم ماضی میں 50 لاکھ سے زائد مہاجرین کی میزبانی کر چکے ہیں۔مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا کہ پاکستان ایک مستحکم اور پرامن افغانستان دیکھنا چاہتا ہے، پاکستان طالبان کی جانب سے بات نہیں کر رہا بلکہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے بات کر رہا ہے۔ معید یوسف نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ خطے میں بگاڑ کا کردار ادا کیا ہے، اور جعلی خبر کا استعمال کرتے ہوئے وادی پنجشیر پرجھوٹے بیانیہ کو آگے بڑھایا، مستحکم افغانستان خطے میں امن کے لیے ناگزیر ہے، اور اس کے لیے روس، پاکستان اور چین افغانستان میں مثبت اور فعال کردار ادا کر سکتے ہیں۔یاد رہے کہ کچھ روز قبل اپنے بیان میں قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف نے افغانستان میں طالبان حکومت کو تسلیم کرنے سے متعلق دنیا کی ویٹ اینڈ واچ(انتظار اور دیکھو)پر مبنی پالیسی کو ناقص حکمت عملی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا رویہ جنگ زدہ ملک کو مزید معاشی تباہی کی جانب دھکیل دے گا۔ قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کی جانب سے ماضی کی طرح افغانستان کو تنہا چھوڑنا ایک سنگین غلطی ہوگی. انہوں نے غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا افغانستان کو تنہا چھوڑنے کے نتیجے میں پناہ گزین اور سیکورٹی کے بحران پیدا ہوں گے جو کسی ایک علاقے یا خطے تک محدود نہیں رہیں گے۔انہوں نے باور کروایا کہ مغرب ممالک نے 1990 کی دہائی میں وہی غلطی کی جس کے تنائج معاشی تباہی، خانہ جنگی اور بین الاقوامی دہشت گردی کی صورت میں ہمارے سامنے آئے۔ انہوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے مغربی دنیا کو آگے دیکھنا اور افغان عوام کی اور افغانستان میں استحکام لانے میں مدد کرنی چاہئیے۔ قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ مغربی رہنماں نے غلطی تسلیم کر لی ہے اور اسے دوبارہ نہ کرنے کا عہد کیا۔بھارت کے سپائلر والے کردار کو بے نقاب کرتے ہوئے ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ بھارت پاکستان کے بارے میں فرضی کہانیاں بنانے اور گھڑنے میں مصروف ہے۔ حال ہی میں بھارتی میڈیا اور سابق حکام کا اس وقت سوشل میڈیا پر مذاق اڑایا گیا جب انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گیم کلپ کا استعمال کرتے ہوئے اسے پاکستانی فضائیہ کی جانب سے پنجشیر وادی میں بمباری کے طور پر پیش کیا۔بھارتی میڈیا نے ایک امریکی لڑاکا طیارے کی ویڈیو بھی استعمال کی جو کہ برطانیہ ویلز کے اوپر سے اڑ رہا تھا اور الزام لگایا کہ پاک فضائیہ کا ایف 16 لڑاکا طیارہ پنجشیر وادی پر منڈلارہا ہے۔ڈاکٹر معید یوسف نے مزید کہا کہ بھارت نے امریکی مشن کو بے وقوف بنا کر انہیں یقین دلایا کہ پاکستان افغانستان میں مسئلے کا بنیادی ذریعہ ہے لیکن حقیقت میں اس وقت کی افغان حکومت خود تباہی کی وجہ تھی اور افغان نیشنل سکیورٹی فورسز(اے این ایس ایف)کرپٹ حکومت کے لیے لڑنا نہیں چاہتی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں