صوبے میں پولیو کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے،میر ضیاء اللہ لانگو
کوئٹہ:صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے صوبے اور ملک سے پولیو وائرس کے خاتمے صوبائی حکومت کی ترجیحات کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت دیگر تمام شراکت داروں کے باہمی تعاون اور اشتراک سے اس مقصد کیلئے ایک مربوط لائحہ عمل کے تحت ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے جن کے نتیجے میں صوبے میں پولیو کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے اور وہ دن دور نہیں جب بلوچستان سمیت پورے ملک سے پولیو وائرس کا خاتمہ ہو جائے گا اور ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ مستقبل دینے میں کامیاب ہوں گے۔ انسداد پولیو کے عالمی دن کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاہے کہ اس دن کو منانے کا مقصد عالمی سطح پر اس موذی بیماری کی روک تھام کیلئے کی جانے والی کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور اس بیماری کے خلاف صف اول میں خدمات انجام دینے والے کارکنوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا اور پولیو کے خاتمے کیلئے اجتماعی کوششوں کے عزم کا اعادہ کرناہے۔ پولیو وائرس کے خاتمے کو ایک قومی فریضہ اور سب کی اجتماعی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے والدین، اساتذہ، علماء، عوامی نمائندوں اور میڈیا سمیت معاشرے کے تمام طبقوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں حکومتی کاوشوں کو کامیاب بنانے کیلئے اپنے حصے کا کردار ادا کریں۔ وزیر داخلہ نے کہاہے کہ نونہالوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ بنانا اور انہیں ایک بہتر مستقبل دینا حکومت کے ساتھ ساتھ والدین کی بھی اولین ذمہ داری ہے اس لئے تمام والدین اپنی اس ذمہ داری کا بھر پور احساس کرتے ہوئے انسداد پولیو مہم کے دوران اپنے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو انسداد پولیو قطرے ضرور پلائیں۔ وزیر داخلہ نے کہاہے کہ اگر ایک بچہ بھی پولیو قطرے پینے سے محروم رہ جائے تو پھر کوئی بھی بچہ اس موذی وائرس سے محفوظ نہیں ہو گا اسلئے ہم اس حوالے سے کسی بھی قسم کی لاپرواہی اور کوتاہی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ وزیر داخلہ نے صوبے میں پولیو وائرس کے خاتمے کے سلسلے میں علما ء کرام، اساتذہ اور میڈیا کے تعاون کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ معاشرے کے تمام طبقے اس وائرس کے مکمل خاتمے کیلئے اپنا تعاون آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔


