فرنٹئیر کور کے زیر اہتمام کاہان میں قبائلی جرگہ

کو ئٹہ:فرنٹیئر کور بلوچستان (نارتھ)میوند رائفلز کے زیراہتمام کاہان میں قبائلی جرگے کا انعقاد کیا گیا جس کے دوران قبائلی عمائدین نے دہشتگردی کے خلاف فرنٹیئر کوربلوچستان (نارتھ)کے اقدامات کی تائید کی۔تفصیلات کے مطابق فرنٹیئر کور بلوچستان (نارتھ)میوند رائفلز کی جانب سے کاہان میں قبائلی جرگہ منعقد ہوا جس میں کوڈی، لولی میدان، بوبی ٹاپ، سورود، سید کچار اور منک بند کے علاقوں پر مشتمل 60سے زائد قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔جرگے سے قبائلی عمائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام قبائل علاقے میں امن و امان کے قیام کیلئے سیکورٹی فورسز کی بیش بہا قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ دہشت گردی کی لعنت کو شکست دینے کیلئے قبائل فرنٹیئر کور بلوچستان (نارتھ)کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں لہذا چند شرپسندوں کو علاقے میں بدامنی پھیلانے کی اجازت کسی صورت نہیں دیں گے۔جرگے سے خطاب کرتے ہوئے ایف سی حکام نے کہا کہ عوام کی عزت اور آبرو کا تحفظ سیکورٹی فورسز کی اولین ذمہ داری ہے۔ دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ امن و امان کے قیام کیلئے قبائلی عمائدین علاقے میں موجود شرپسندوں کو ہتھیار ڈالنے کی ترغیب دیتے ہوئے انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔جرگے کے آخر میں مقامی عمائدین نے علاقے کے مسائل اور ترقیاتی منصوبوں پر فرنٹیئر کوربلوچستان (نارتھ)کے حکام کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں