غیر یقینی عالمی حالات میں مستحکم تجارت کے لیے مضبوط علاقائی روابط ناگزیر ہیں، علیم خان

​وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے بینکاک میں 17 سے 20 نومبر 2026 تک منعقد ہونے والی اقوامِ متحدہ کے اقتصادی و سماجی کمیشن برائے ایشیا و بحرالکاہل (ESCAP) کی وزارتی ٹرانسپورٹ کانفرنس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر یقینی عالمی حالات میں مستحکم تجارت کے لیے مضبوط علاقائی روابط ناگزیر ہیں۔​خطے بھر سے شریک مندوبین اور وزرائے ٹرانسپورٹ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ علاقائی رابطہ کاری کا بنیادی مقصد سامان، افراد اور خدمات کی بلا رکاوٹ نقل و حرکت کو یقینی بنانا ہے۔سپلائی چین کی مضبوطی پر زور دیتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ کسی ایک ملک یا راہداری پر انحصار کرنے کے بجائے متبادل تجارتی راستے بنانا ہوں گے، کیونکہ تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے سے علاقائی سپلائی چین کو غیر معمولی استحکام حاصل ہوگا۔​پاکستان کی منفرد جغرافیائی و اسٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا، چین اور مشرقِ وسطیٰ کو آپس میں جوڑنے میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی بڑی بندرگاہیں، جن میں کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر شامل ہیں، زمین میں گھرے وسطی ایشیائی ممالک کو مختصر ترین اور مؤثر سمندری راستے فراہم کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔​علاقائی انضمام کو فروغ دینے والے اہم منصوبوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے عبدالعلیم خان نے "کیو ٹی ٹی اے” (QTTA) معاہدے کو خطے میں سامان کی ترسیل کا ایک نہایت اہم فریم ورک قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ قازقستان، ترکمانستان، افغانستان اور پاکستان ریلوے منصوبے پر قریبی تعاون جاری ہے، جبکہ ازبکستان، افغانستان اور پاکستان ریل منصوبے کی فزیبلٹی اسٹڈی پر بھی تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ شاہراہِ قراقرم کو سال بھر کھلا رکھنے سے چین اور وسطی ایشیا کے ساتھ تجارتی روابط میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ سی پیک (CPEC) کے تحت شاہراہِ قراقرم کے تھاکوٹ رائے کوٹ سیکشن پر تعمیراتی کام جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایم 6 موٹروے کے تین حصوں کی تعمیر کے لیے اوپیک (OPEC) فنڈ اور اسلامی ترقیاتی بینک (IsDB) سے فنڈنگ حاصل کر لی گئی ہے۔ ​کانفرنس کو تجارتی سہولیات اور سرحدی انتظامات میں جدید اصلاحات سے آگاہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات نے بتایا کہ ویبوک (WeBOC) اور پاکستان سنگل ونڈو (PSW) کے ذریعے ڈیجیٹل تجارت میں بڑی اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔ کیریک (CAREC) منصوبے کے تحت چمن اور طورخم بارڈر پر جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جدید سکینرز اور ای گیٹس کی تنصیب سے بارڈر کلیئرنس کے وقت میں 65 فیصد تک کمی آئے گی، جبکہ سرحد پار مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے جاری اقدامات سے سفری کارروائی کے وقت میں 90 فیصد تک کمی لائی جا رہی ہے۔

​اپنے خطاب کے اختتام پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ایک محفوظ، پائیدار اور مربوط علاقائی ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کی تعمیر کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ علاقائی روابط معاشی مضبوطی، خطے کے استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے لیے نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر اقوامِ متحدہ کے ادارے ایسکیپ (ESCAP) کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے