خاران: ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر پانچ ماہ سے بند، طلبہ کا فوری کلاسز شروع کرنے کا مطالبہ
ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر (ٹی ٹی سی) خاران گزشتہ پانچ ماہ سے غیر فعال اور بند پڑا ہے، جس پر خاران کے طلبہ نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری کلاسز بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔طلبا ءکے مطابق پہلے بیچ کا چھ ماہ کا کورس محض ایک ماہ کی کلاسز کے بعد روک دیا گیا، اور اسے مکمل کروانے کے بجائے اسکولوں، کالجوں اور سوشل میڈیا پر نئی داخلہ مہم چلائی گئی۔ نئے داخلے مکمل ہونے کے باوجود تاحال تدریسی عمل شروع نہیں ہو سکا، جبکہ انتظامیہ محض آن لائن یا فزیکل کلاسز کے وعدوں سے کام چلا رہی ہے۔بساک طلبہ تنظیم کا مو¿قف ہے کہ خاران میں انٹرنیٹ کی ابتر صورتحال اور وائی فائی کی عدم دستیابی کے باعث آن لائن تعلیم ممکن نہیں، اور ادارے کے قیام سے اب تک طلبہ کے لیے بس سروس بھی فعال نہیں کی جا سکی۔ بساک خاران زون نے انتظامیہ کی کارکردگی کو محض سوشل میڈیا تشہیر تک محدود قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ٹی ٹی سی خاران میں فوری باقاعدہ کلاسز شروع کی جائیں، پہلے بیچ کا ادھورا کورس مکمل کروایا جائے، بس سروس بحال کی جائے اور پانچ ماہ کی بندش کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔ بساک نے کہا ہے کہ اگر فوری عملی اقدامات نہ اٹھائے گئے تو تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔


