مظالم و بربریت کی وجہ سے بلوچستان کے نوجوان حکمرانوں سے ناراض ہیں، ہدایت الرحمن بلوچ
کوئٹہ:جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی بلوچستان ہدایت الرحمان بلوچ نے کہاکہ چیک پوسٹوں پر تذلیل،آئین معاشی حقوق،تعلیم وصحت کے منصوبوں،سی پیک کے ثمرات،روزگار،تعلیم سے محرومی،ہر نوجوان کو شک کی نگا ہ سے دیکھنا،بارڈر ٹریڈ کی بندش،بے گناہوں لاتعلق افرادکو لاپتہ کرنے جیسے نارروااقدامات ومظالم کی وجہ سے بلوچستان کے نوجوان حکمرانوں سے ناراض ہیں۔حکمرانوں کی بدنیتی،بددیانتی، قول وفعل میں تضاد اہل بلوچستان کی قسمت میں ہمیشہ لاشیں،احتجاج،ردعمل واحساس محرومی ہیں۔بدقسمتی سے بلوچستان کے عوام ونوجوانوں کے حوالے سے حکمرانوں کے فعل وقول میں ہمیشہ تضادرہا ہے۔ گوادر وبلوچستان کو حق دو تحریک کی بدولت انشاء اللہ نوجوانوں کو انصاف ملے گا حکمران ہوش کا ناخن لیں اور اہل بلوچستان کو حق دیں بصورت دیگرہماراراستہ کو ئی نہیں روک سکتا ہم جائزمعاشی آئینی حقوق کے حصول کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے گوادر تربت میں احتجاج ودھرنے کی تیاری کے حوالے سے مختلف تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے نوجوانوں کے مسائل ومشکلات اورظلم وجبر کے ذمہ دار وفاق،اسٹبلشمنٹ کیساتھ صوبائی حکومتیں بھی ہیں مسائل ومشکلات اور پریشانیاں گزشتہ کئی دہائیوں سے قوم پر مسلط نااہل حکمران ہیں کہاں سے آرہے ہوکہاں جارہے ہیں یہ اپنوں کیساتھ نہیں غیروں کیساتھ ہوتا ہے۔چیک پوسٹوں پر بار بارتلاشی کے بہانے تذلیل، لاشیں اُٹھانے کے مظالم آخر کب تک۔ہم نوجوانوں کیساتھ ملکر قوم کو ظلم وجبر،لاقانونیت بدنیتی وجبر سے نجات دلائیں گے اگر ہمارے جائز مطالبات حل نہیں کیے گیے تو 15نومبر کے بعد بھر پور احتجاج ہوگا نوجوان 15نومبر کے احتجاج کی بھر پور تیاری کریں۔ نوجوان اتحاد ویکجہتی کے ذریعے قوم کو مسائل وپریشانی کے گرداب سے نکال سکتی ہے۔قوم ہمارا ساتھ دیں تاکہاہل بلوچستان کو حق مل سکیں۔بلوچستان کے مظلوموں کو پینے کاصاف پانی،علاج وتعلیم کی سہولیات میسر نہیں جبکہ منتخب نمائندوں ہر قسم کے وسائل سے مالامال ہورہے ہیں ہم کیوں 74سال بعدبھی پتھرکے دور میں رہ رہے ہیں جبکہ ہم پر مسلط طبقے ہر قسم کے وسائل سے مالامال ہیں ہماری قسمت میں کیوں صرف وعدے،خالی خولی اعلانات اور بے عمل دعوے ہیں۔ان سب زیادتیوں،ناجائز کی وجہ سے ہم اُ ف تک نہ کہیں۔ہمیں مارا پیٹاجارہاہے لیکن ہمیں رونے دونے کی اجازت نہیں۔


