پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھاگنا اکثریت کھو دینے کا ثبوت ہے، مولانا عبدالواسع
کو ئٹہ:جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع،جنرل سیکرٹری آغا محمود شاہ،سیکرٹری اطلاعات دلاور خان کاکڑ نے کہا ہے کہ 17نومبر کو کوئٹہ میں مہنگائی مارچ حکومت کیلئے آخری سنگ میل ثابت ہو گی، متحدہ اپوزیشن نے پارلیمنٹ کے اندر و باہر احتجاج کرنے کا اعلان کردیا ہے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھاگنا حکومت کے اکثریت کھو دینے کا ثبوت ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جمعیت علما اسلام اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں اب حکومت کے خلاف میدان عمل میں ہے اور حکمرانوں کو اب بھاگنے کا موقع نہیں دیں گے اور حکمرانوں نے ہمیشہ اپنی بقا کی خاطر ملک کو دا پر لگایا ہے انہو ں نے کہاکہ عوام سے مہنگائی کے اعداد و شمار چھپانے سے ملک میں مہنگائی کم نہیں ہوگی، حکومت اعداد و شمار چھپانے کے بجائے مافیا کو نوازنا اورکرپشن بند کرے،انہوں نے کہا کہ آمرانہ ادوار میں بھی مہنگائی کے اعداد و شمار عوام سے چھپانے کی کوشش نہیں کی گئی انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھاگ جانا حکومت کے اکثریت کھو دینے کا ثبوت ہے، جس طرح چوروں کی طرح پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا گیا تھا، اسی طرح رات کی تاریکی میں اجلاس ملتوی کر دیاگیا، رات کے اندھیرے کی طرح اس حکومت کی نیت بھی کالی، ذہن اور دل عوام کے درد سے خالی ہے انہوں نے کہاکہ پرائیویٹ ممبر بل پر دو بار شکست کھانے کے بعد مشترکہ اجلاس کا التوا عمران نیازی کی اکثریت کھو دینے کی علامت ہے، مہنگائی کی ستائی عوام کے عدم اعتماد کے بعد پارلیمان نے بھی عمران نیازی پر عدم اعتماد کر دیا ہے، عوام اور پارلیمنٹ کے عدم اعتماد کے بعد کرسی سے زبردستی چمٹے رہنے کے بجائے عمران نیازی مستعفی ہوکر قوم کو ریلیف دیں انہوں نے کہاکہ 17نومبر کو کوئٹہ میں مہنگائی مارچ حکومت کیلئے آخری سنگ میل ثابت ہو گی اب سلیکٹڈ حکومت کو بھی طاقت نہیں بچاسکتے متحدہ اپوزیشن نے پارلیمنٹ کے اندر و باہر احتجاج کرنے کا اعلان کردیا ہے مہنگائی مارچ میں عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کی جاتی ہے۔


