جنوبی افریقہ نے اسرائیل میں مس یونیورس پروگرام سے خود کو الگ کر لیا
پریٹوریا:جنوبی افریقہ کی حکومت نے اسرائیل میں ہونے والے مس یونیورس کے مقابلے میں شرکت کرنے کے منتظمین کے فیصلے سے خود کو الگ کر لیا ہے اورکہاہے کہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔میڈیارپورٹس کے مطابق جنوبی افریقہ کی حکومت نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مس جنوبی افریقہ کے مقابلے کا اہتمام کرنے والے ادارے نے اسرائیل میں ہونے والے مس یونیورس کے مقابلے میں شرکت کا جو فیصلہ کیا، اس سے حکومت کا کچھ بھی لینا دینا نہیں ہے۔ یہ مقابلہ آئندہ ماہ ہونے والا ہے۔اسرائیل کے شہر ایلات میں 12 دسمبر کو مس یونیورس کا سالانہ مقابلہ ہونے والا ہے۔ جنوبی افریقہ میں بہت شدت کے ساتھ یہ مطالبہ ہو رہا تھا کہ اسرائیل میں ہونے کی وجہ سے ‘مس جنوبی افریقہ’ لالیلا ایم سوانے کو اس مقابلے کا بائیکاٹ کرنا چاہیے، جس کے بعد حکومت نے اپنے فیصلے کا اعلان کیا۔


