میر محمد خان ابابکی اور ان کے ساتھیوں کا قتل قابل مذمت ہے، بلاول بھٹو

کوئٹہ +کراچی:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی پی پی ضلع مستونگ کے رہنما میر محمد خان ابابکی اور ان کے ساتھیوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میر محمد خان ابابکی اور ان کے ساتھیوں کے قتل میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔یہاں جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بلوچستان میں پولیٹکل ایکٹوسٹ کا غیرمحفوظ ہونا انتہائی تشویش ناک ہے، تحقیقات کرائی جائے۔انہوں نے میر محمد خان ابابکی کی شہادت پر سردار ثناء اللہ ابابکی سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ثناء اللہ ابابکی کے نام اپنے ایک تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں قیادت اور جیالے آپ کے ساتھ ہیں۔انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگواران کے لیئے صبر جمیل کی دعا کی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیز جمالی، جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی سمیت دیگر نے پیپلزپارٹی بلوچستان کے رہنما میر محمد خان ابابکی کی شہادت پر اظہار افسوس کر تے ہوئے کہاہے کہ میر محمد خان ابابکی اور انکے ساتھیوں کی شہادت سے دلی صدمہ پہنچاہے سیاسی و قبائلی رہنماؤں کے قتل کے واقعات کا رونماء ہونا حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے انہوں نے پارٹی رہنماء اور ساتھیوں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت واقعہ کی تحقیقات کرکے ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائے حکومت اور انتظامیہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سابق صدرو سابق صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک اور حاجی میرریاض احمد شاہوانی نے مستونگ کے علاقے میں فائرنگ کے نتیجے میں پیپلزپارٹی کے رہنما میر محمدخان ابابکی اورانکے ساتھیوں کی شہادت پرافسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت واقعہ میں ملوث عناصرکو فوری طور پر گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے۔یہاں جاری ہونے والے اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ مستونگ کے علاقے میں فائرنگ کے نتیجے میں میرمحمدخان ابابکی اورانکے ساتھیوں کی شہادت پیپلز پارٹی کیلئے کسی سانحہ سے کم نہیں ہے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے میر محمدخان ابابکی اوردیگر کے اہل خانہ سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابرکی شریک ہے۔ انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعہ میں ملوث افرادکو فوری طورپرگرفتار کرکے سخت سے سخت سزادی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں