ہماری کامیابی اُس وقت ہوگی جب نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار ملے گا، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ہم صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا عزم لیکر حکومت میں آئیں ہیں اگر ایک گھر میں بھی روزگار کی فراہمی سے چولہا جلے گا تو یہ کامیابی کی جانب ایک قدم ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ میں تقرر نامے تقسیم کرنے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری اصل کامیابی اس وقت ہو گی جب عوام خاص طور سے نوجوانوں کے ہاتھ میں تعلیم و ہنر اور انکے سامنے روزگار ہوگا وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرحدی علاقوں کے عوام کے روزگار کا مسئلہ ہو یا پھر کنٹریکٹ ملازمین کی نوکریوں کا معاملہ ہو وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالتے ہی اس جانب تو جہ مرکوز کر رکھی ہے انہوں نے کہا کہ 350 سے زائد اساتذہ کی تعیناتی کا مسئلہ تعطل کا شکار تھا بلوچستان ہائی کورٹ نے بھی انکے حق میں فیصلہ دیا تاہم گزشتہ حکومت اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنا چاہتی تھی لیکن ہم نے اپیل میں جانے کی بجائے حق داروں کو انکا حق دینا مناسب سمجھا اس موقع پر تعینات ہونے والے اساتذ ہ کی جانب سے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ صرف 350 لوگوں کا نہیں بلکہ 350 خاندانوں کی بقا کا سوال تھا جسکے لیئے وہ وزیراعلیٰ اور صوبائی حکومت کے مشکور ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں