گائنی وارڈ میں بچوں کی پیدائش پر مٹھائی کے نام پر ہزاروں روپے لینے کا انکشاف

کوئٹہ:جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے ترجمان نے سول ہسپتال زچہ و بچہ وارڈ میں بچوں کی پیدائش پر مٹھائی کے نام پر غریب عوام سے پانچ سے چھ ہزار تک روپے وصولی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کی توجہ اس جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ وہ زچہ و بچہ وارڈ میں بچوں کی پیدائش پر مٹھائی کے نام پر عوام کو لوٹنے کا نوٹس لیا جائے، نئے وزیر اعلیٰ اور وزیر صحت فورا ہی اپنے وعدوں کی پاسداری کرتے ہوئے مبینہ افراد کے خلاف کاروائی کریں۔ انہوں نے کہا ہے کہ جو غریب مٹھائی کے نام پر پیسہ دینے سے انکار کرتا ہے ان کو سیکورٹی گارڈ اور نرسز کے ذریعے دبایا جاتاہے بالآخر دوہزار روپیہ پر بچہ حوالہ کیا جاتا ہے،اس کا صاف مطلب یہ ہے کہ ہسپتال کے اندر اس ملی بھگت میں بڑے ذمہ داران ملوث ہیں ورنہ اتنے بڑے پیمانے پر مکروہ دھندہ ممکن ہی نہیں۔ جے یوآئی ترجمان نے عوامی شکایت سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک تو سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے صحیح طریقے سے علاج ومعالجہ نہیں ہورہا دوسری طرف اس ہوش ربا مہنگائی میں حکومت اور ہسپتال انتظامیہ کی ناک کے نیچے مبینہ طور پر عوام کو لوٹا جارہا ہے اس کو نوٹس نہیں لیا گیا تو جمعیت علماء اسلام سخت موقف اختیار کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں