خیبر پختونخوا،ذخیرہ اندوزی روکنے کے لیے آرڈیننس نافذ

پشاور:مشیر اطلاعات خیبر پختون خوا اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ صوبے میں ذخیرہ اندوزی روکنے کے لیے آرڈیننس نافذ کر دیا گیا، آرڈیننس کے تحت اشیاے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو بغیر وارنٹ گرفتار کیا جائے گا اور 3 سال قید اور ذخیرہ شدہ مال کے 50 فیصد کے برابر جرمانے کی سزا دی جائے گی اسکے علاوہ ضبط شدہ اشیاء کو نیلام کیا جائے گا، ارڈینس کے مطابق متعلقہ ڈپٹی کمشنر مصدقہ اطلاع پر کسی بھی ایسی جگہ پر جہاں پر ذخیرہ شدہ مال موجود ہوگا بغیر اجازت داخل ہوکر ذخیرہ شدہ مال کو تلاش کر سکے گا، ذخیرہ اندوزی کی اطلاع دینے والے کو ذخیرہ شدہ مال کا 10 فیصد بطور انعام دیا جائیگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سیکرٹریٹ اطلاع سیل میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔کورونا صورتحال کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا کہ افغانستان سے آج طورخم بارڈر کے راستے 520 پاکستانی داخل ہوئے ہیں۔تمام افراد کو ڈگری کالج لنڈی کوتل اور شاہ کس میں قرنطینہ کیا گیا ہے جہاں انکے ٹسٹ اور مکمل دیکھ بھال کیا جائیگا۔


