جیل کے قیدی ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں، گورنر بلوچستان

کوئٹہ:گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ جیل میں تمام قیدی ہمارے اپنے معاشرے کا حصہ ہیں ان کیلئے اصلاحی و فلاحی ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے. قیدی بچوں اور خواتین سمیت تمام قیدیوں کیلئے اساتذہ کرام، ماہر نفسیات اور جدید کتابوں کی فراہمی کو یقینی بنانے اور ہنر سکھانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں صحت وصفائی کا خاص خیال رکھیں. ہم قیدیوں کو ادویات اور معیاری خوراک کی فراہمی کو ہر سطح پر ممکن بنائیں گے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز کوئٹہ ڈسٹرکٹ جیل کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات عثمان غنی صدیقی نے گورنر بلوچستان کو جیل میں فراہم کردہ سہولیات، جیل کے مختلف بلاکس، قیدیوں اور دیگر اْمور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ جیل دورہ کے موقع پر انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات عثمان غنی صدیقی، ڈپٹی آئی جی جیل خانہ جات ضیاء ترین، وفاقی محتسب کے نمائندے سرور براہوی، صوبائی محتسب بلوچستان نذر بلوچ اور جیل سپرنٹنڈنٹ شکیل احمد بلوچ سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے. گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے اپنے دورہ کے موقع پر خواتین بیرک، قیدی بچوں کے بیرک، مردانہ و زنانہ انتظار گاہیں، کنٹرول روم، لائبریری، لیبارٹری، کیچن، جیل ہسپتال اور قیدیوں کو فراہم کردہ سہولیات اور خوراک کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ ڈسٹرکٹ جیل دورے کا مقصد جیلوں میں بہتری لانا اور قیدیوں کی سہولیات کا جائزہ لینا ہے۔ واضح رہے کہ گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا جیل میں ینگ ڈاکٹرز سے مسائل بھی دریافت کئے اور ان کے پائیدار حل کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں