بوستان تا ژوب ریلوے ٹریک فزیبلٹی پر کام جاری ہے، اعظم سواتی
کچلاک:وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہا ہے کہ بوستان تا ژوب ریلوے ٹریک فزیبلٹی پر کام جاری ہے، کوئٹہ چمن بارڈر پر اکیسویں صدی کا بڑا ٹرمینل بننے جارہا ہے، آئندہ حکومت بھی تحریک انصاف اور عمران خان کی ہوگی مہنگائی پر قابو پا لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملک حویلی کچلاک میں قبائلی شخصیت ملک سہیل خان بازئی اور ملک عادل خان بازئی کی دعوت پر شرف میزبانی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی ایس ریلوے علی محمد آفریدی،ڈی جی ریلوے عمران خان،چیرمین ریڈ کریسنٹ عبدالباری بڑیچ، ملک خوشدل خان بازئی،ملک سنگین خان بازئی،ملک شہباز خان بازئی اور دیگر بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہاکہ کوئٹہ چمن ریلوے ٹریک پر اکیسویں صدی کا بڑا ٹرمینل بننے جارہے ہیں،جو پاکستان،ایران اور افغانستان کا سنگم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک سال کی قلیل مدت میں تیار ہوگا،جو سسٹم آئی آر اور جدید ٹیکنالوجی کی بنیاد پر منتقل کیا جائے گا،جس سے کرپشن کا خاتمہ ممکن ہوگا،یہ ٹریک نہ صرف ہمسایہ ممالک بلکہ یورپ اور ایشیا کو بھی آپس میں ملائیں گی ریلوے سب سے آرام دہ سفر اس کی اہمیت کو جاننے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بوستان تا ژوب ریلوے ٹریک فزیبلٹی تیاری کے مراحل میں ہے،جس پر جلد عملدرآمد کیا جائے گا،وزیر اعلی بلوچستان اور ان کی کی کابینہ کو چاہیے کہ سڑک کے بجائے ریلوے ٹریک پر انحصار کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان مہنگائی پر قابو پانے اور عام عوام کی معیاری زندگی کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں، بجلی اور تیل کے معاہدے کے بعد مہنگائی پر قابو پایا جائے گا، اور اگلے پانچ سال کے لیے بھی عمران خان ہی وزیر اعظم منتخب ہوگا اور تحریک انصاف ہی بلوچستان کے محرومی اور پسماندگی کو ختم کریگی اور عمران خان کے ہدایات اور وژن کے مطابق بلوچستان کے دورے پر آیا ہو۔


