گورنر بلوچستان سے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین کی ملاقات

کوئٹہ: گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا سے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین عبدالسالک خان کی قیادت میں بی پی ایس سی کے ممبران پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ادارہ کی کارکردگی، میرٹ کی پاسداری، امتحانات و انٹرویوز کا طریقہ کار اور آئندہ کا لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ معاشرہ عدل و انصاف کی پاسداری سے ہی مستحکم بنایا جا سکتا ہے، مقابلے کے امتحانات اور انٹرویوز میں میرٹ کو برقرار رکھنے اور حق کو حقدار تک پہنچانے میں بلوچستان پبلک سروس کمیشن کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہاکہ جوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور انکی صلاحیتوں کو قومی مفادات کیلئے بروئے کار لانا حکومت کی ذمہ داری ہے، ہمارے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کمی ہرگز نہیں ہے مگر ضروری ہے کہ ان کو مواقع اور سہولیات فراہم کی جائے۔ سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ فخر کی بات ہے کہ ہمارے دیہاتی علاقوں کے طلبا و طالبات محدود وسائل کے باوجود مقابلہ کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کر رہے ہیں۔ بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین اور ان کی پوری ٹیم کی ذمہ داری ہے کہ وہ ادارے کو مزید بہتر اور شفاف بنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں تاکہ حق کو حقدار تک پہنچانے کی راہ ہموار ہو سکیں۔ بعد ازاں چیئرمین سالک خان نے گورنر بلوچستان کو پبلک سروس کمیشن کی سالانہ رپورٹ پیش کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں