وزیر اعلیٰ پانی میں کھڑے جائزہ لے رہے ہیں، عملی جامہ پہنا کر عوام کو توسیعی عذاب سے جلد نجات دلائیں،جمعیت علماء اسلام
کوئٹہ:جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے ترجمان نے کوئٹہ میں بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال سریاب روڈ، سبزل روڈ میں سست رو توسیعی منصوبے اور بجلی کی طویل ترین لوڈ شیڈنگ اور گیس پریشر کی کمی پر نہایت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ اپنی آج کی تصویر جس میں وہ بارانی پانی میں کھڑے جائزہ لے رہے ہیں کو عملی جامہ پہنا کر سریاب اور سبزل روڈ کے عوام کو توسیعی عذاب سے جلد نجات دلائیں اور گیس پریشر اور بجلی کی بھی خبر لیں۔بجلی کی طویل ترین لوڈ شیڈنگ اور اکثر علاقوں میں گیس پریشر کی کمی نے عوام کو اس شدید سردی میں ذہنی طور پر مفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔ جے یوآئی کے ترجمان نے کہا ہے کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور گیس پریشر کی کمی نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے،بار بار شکایات درج کروانے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے بارش اور بادل کے موسم کے باعث شمسی /سولر سسٹم کام نہ کرنے کی وجہ سے دن اوررات کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کو ذہنی طور پر پریشان کردیا ہے، اس حوالے عوامی حلقوں کی جانب سیسوشل میڈیا اور دیگر ذرائع میں بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف آواز بلند کی جارہی ہے مگر کوئی شنوائی نہیں ہورہی،۔انہوں نے حکومت اور اپوزیشن کی تمام جماعتوں سے بجلی اور گیس کے متعلق مشترکہ اور سخت موقف اپنانے کا مطالبہ کیا ہے۔


