چیئرمین نیب پی اے سی کے سامنے ضرور پیش ہوں گے،رانا تنویر حسین

مریدکے:چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سامنے ضرور پیش ہوں گے اور انہوں نے پیش نہ ہونے کووالے لیٹر کو غلطی قرار دیا ہے جس کی انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ نالائق اور نا تجربہ کار حکمران پاکستانی عوام پر تاریخی ظلم کر رہے ہیں جس کی سزا کا وقت قریب آن پہنچا ہے۔ اپنے کیمپ آفس مریدکے میں سید اعجاز شیرازی، یوتھ ونگ کے رہنما مرتضی کمبوہ اور فیروزوالہ بار کے نو منتخب سیکرٹری اورنگزیب ریحان کے ہمراہ مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے راناتنویر حسین نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے ظالم ترین حکمرانوں نے عوام سے دو وقت کے بجائے ایک وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے اور اب اپنی نااہلیوں کی بدولت عوام کی زندگیوں سے بھی کھیلنا شروع کر دیا ہے۔ چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ سانحہ مری نا اہل حکمرانوں کے زبانی جمع خرچ کے باعث پیش آیا ہے جس پر اپنے ہی کہے گئے الفاظ کے مطابق وزیر اعظم کو فوری مستعفی ہو جا نا چاہئے۔ چیئرمین نیب کی پیشی کے حوالے سے رانا تنویر حسین نے کہا کہ عدم پیشی کے حوالے سے لیٹر کو غلطی سے جاری ہونا تسلیم کیا گیا ہے تاہم اس لیٹر کے جاری ہونے بارے انکوائری شروع کر دی گئی ہے اور غلطی کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ بارز کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ نو منتخب عہدیداران عدالتی وقار میں اضافہ اور سائلین کی داد رسی کے لیے اہم اقدامات کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں