ترکی میں ناکام بغاوت کے الزام میں کم از کم 113 مشتبہ افراد گرفتار

انقرہ:ترک پولیس نے کم از کم 113 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے جن پر 2016 میں ناکام بغاوت کی کوشش کی منصوبہ بندی کرنیوالے نیٹ ورک سے مبینہ روابط رکھنے کا الزام ہے۔سرکاری خبر رساں ایجنسی انادولو نے منگل کے روز بتایا کہ مسلح افواج میں گولن تحریک کے اثرورسوخ کی تحقیقات کے دوران 40 شہروں میں 185 مشتبہ افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔ملزمان پر ریاستی بیوروکریسی میں دراندازی اور پھر 15 جولائی 2016 کو بغاوت کی کوشش کرنے کا الزام عائد ہے۔انقرہ نے الزام لگایا ہے کہ امریکہ میں مقیم مسلمان مبلغ فتح اللہ گولن بغاوت کی کوشش کے ماسٹرمائنڈ تھے، اس بغاوت میں کم از کم 250 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ترکی نے فتح اللہ گولن کی حوالگی کا مطالبہ کیا تھا، لیکن واشنگٹن یہ کہتے ہوئے کہ انقرہ نے خاطر خواہ ثبوت پیش نہیں کیے ہیں گولن کو حوالے کرنے سے گریزاں ہے۔ترک حکومت نے بغاوت کی کوشش کے بعد نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والے مشتبہ افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر رکھا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں