لشکری رئیسانی کاآواران میں لائبریری کیلئے 2 سو کتابیں دینے کا اعلان
کوئٹہ: بلوچستان پیس فورم کے سربراہ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے آواران میں لائبریری کیلئے 2 سو کتابیں دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کتابیں آئندہ چند روز میں لائبریری کے منتظمین کے حوالے کی جائیں گی۔اس بات کا اعلان انہوں نے گزشتہ روز سردار محمد اسلم میرواڑی سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بلوچستان پیس فورم کے سربراہ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے بلوچستان کے ضلع آواران میں ملا مراد میرواڑی لائبریری کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہوئے سردار محمد اسلم میرواڑی کو کوئٹہ آمد کی بھی دعوت دی۔ نوابزادہ لشکری رئیسانی نے لائبریری کیلئے 2 سو کتابیں فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتابیں سردار محمد اسلم میرواڑی کی کوئٹہ آمد پر ان کے حوالے کی جائیں گی۔سردار محمد اسلم میرواڑی نے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کی کتاب اور علم دوستی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔


