وفاقی اورصوبائی حکومتیں عوام کے جان و مال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں، چنگیز خان جمالی

کوئٹہ:پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر میرچنگیز خان جمالی،جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے لاہور بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی اورصوبائی حکومتیں عوام کے جان و مال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں لاہور بم دھماکے میں ملوث عناصر کو فوری طورپر گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ معصوم اوربے گناہ شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والی کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں دہشتگردی کی نرسریوں کے خاتمے کے ساتھ ساتھ منصوبہ سازوں کو بھی کچل دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ معصوم انسانوں کے قاتل وحشی درندے ہیں ان کے جرائم ناقابل معافی ہیں ایسی سوچ کو شکست دینی ہوگی جو سوچ شدت پسندی کو جنم دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے جس میں وہ بری طرح ناکام ہوچکی ہیں لہذا وفاقی اور صوبائی حکومت کواقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں پہنچتا۔ انہوں نے بم دھماکے میں شہید ہونے والے شخص کے اہل خانہ سے اظہارتعزیت اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاکرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور بم دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کو فوری طورپر گرفتارکرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے اورآئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے موثراورعملی اقدامات اٹھائے جائیں

اپنا تبصرہ بھیجیں