صدارتی نظام نے ہمیشہ ملک و عوام کو توڑا ہے، شیری رحمان

اسلام آباد:پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما و سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ صدارتی نظام نے ہمیشہ ملک و عوام کو توڑا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں شیری رحمان نے کہا کہ چند دنوں سے صدارتی نظام کے حق میں ایک منظم مہم چلائی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 3 سال سے اقدار پر براجمان حکمرانوں کی طرف سے جمہوریت اور پارلیمانی نظام کے خلاف مسلسل بیانات سامنے آرہے ہیں۔شیری رحمان نے کہا کہ وزیراعظم سے لیکر گورنر خیبر پختونخوا کے جمہوریت مخالف بیانات سب کے سامنے ہیں۔

انکا کہنا ہے کہ آئین پاکستان کی تاریخ کا واحد متفقہ دستاویز ہے، آئین پاکستان ملک اور اکائیون کو متحد رکھتا ہے۔پیپلزپارٹی کی رہنما نے کہا کہ ملک ابھی تک ماضی میں آئین توڑ کر صدارتی نظام نافذ کرنے کی قیمت ادا کر رہا ہے، صدارتی نظام نے ہمیشہ ملک و عوام کو توڑا ہے، آئین و جمہوریت ہمیں جوڑ کر رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت کی ناکامی پارلیمانی نظام کی ناکامی نہیں، صدارتی نظام کے حق میں جاری اس مہم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔سینیٹر شیری رحمان نے مزید کہا کہ آئین پاکستان کے خلاف مہم تشویشناک اور قابل جرم ہے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اس مہم کے پیچھے لوگوں کو بے نقاب کر کے ان کے خلاف ایکشن لے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں