نیب نے جاپان سے ملنے والے25کروڑ ڈالر ز کے فنڈز غائب ہونے کا نواز شریف دور کا 24سال پرانا کیس کھول دیا

لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب)نے جاپان سے ملنے والے25کروڑ ڈالر ز کے فنڈز غائب ہونے کا نواز شریف دور کا 24سال پرانا کیس کھول دیا ہے، نیب نے اس حوالے سے وزارت منصوبہ بندی اور اقتصادی امورسے تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ جاپان نے 1998ء میں جب نواز شریف وزیرا عظم تھے پاکستان کو سوشل ایکشن پروگرام کے تحت تعلیم اورصحت کے منصوبے کے لئے 25کروڑ ڈالرز جو اس وقت پاکستانی کرنسی میں تقریباً40ارب روپے سے زائد بنتے ہیں دئیے تھے۔تاہم فنڈز ملنے کے بعد کہاں استعمال ہوا اس حوالے سے کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے۔ وزارت منصوبہ بندی ذرائع کے مطابق نیب نے جو تفصیلات مانگی ہیں اس کا جواب تیار کیا جارہا ہے تاہم یہ فنڈز کن منصوبوں پر خرچ ہوئے اس حوالے سے کوئی ریکارڈ موجود نہیں۔ذرائع کے مطابق وزارت منصوبہ بندی نے یہ خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ فنڈز ہو سکتا ہے قرض اتارو ملک سنوارو اکاؤنٹ میں منتقل کئے گئے ہوں اس لئے اس اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں کہ یہ فنڈز اس اکاؤنٹ میں منتقل ہوئے یا نہیں۔ نیب ذرائع کے مطابق وزارت اقتصادی امور سے بھی ان فنڈز کے حوالے سے تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں