پاک افغان سرحد پر برفانی تودہ گرنے سے 19 افراد جاں بحق
کابل :افغانستان کے ایک پہاڑی درے کو عبور کر کے جاتے ہوئے کم از کم 19 افراد برفانی تودے کی زد میں آ کر جاں بحق ہوگئے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ پیر کو افغانستان کے ایک پہاڑی درے کو عبور کر کے جاتے ہوئے کم از کم 19 افراد برفانی تودے کی زد میں آ کر ہلاک ہوگئے ہیں۔افغانستان کے مشرقی صوبے کنڑ کے محکمہ اطلاعات کے سربراہ نجیب اللہ حسن عبدل نے غیر ملکی خبر ایجنسی کو بتایا کہ افغانستان سے پاکستان میں داخلے کیلئے پہاڑی درہ عبور کرتے ہوئے یہ افراد حادثے کا شکار ہوئے۔ان کا کہنا ہے کہ امدادی کارکنوں کی جانب سے جہاں برفانی تودہ گرا ہے وہاں تلاش کا کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ 19 لاشیں پہلے ہی بر آمد کی جا چکی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق طالبان کے گذشتہ سال اگست میں اقتدار میں آنے کے بعد سے پاک افغان سرحد پر لوگوں کی غیرقانونی آمدورفت بڑھ گئی ہے۔ خیال رہے کہ اس علاقے میں جان لیوا برفانی تودوں کا گرنا معمول کی بات ہے۔ 2015 میں پورے افغانستان میں برفانی تودوں کے گرنے سے پورے ملک میں 250 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔


