پنجاب کابینہ میں 4 سے5 مزید وزرا شامل کرنے کا فیصلہ

لاہور: پنجاب میں عدم اعتماد کی ممکنہ تحریک کے پیش نظر صوبائی کابینہ میں 4 سے 5 مزید وزرا شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کابینہ میں نئے وزرا ناراض پی ٹی آئی دھڑوں اور اتحادیوں سے لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ناراض ارکان کی شکایات بھی دور کی جائیں گی۔اضافے کے بعد ممکنہ طور پر پنجاب کابینہ کے اراکین کی تعداد 50 ہوجائے گی۔ اراکین پنجاب اسمبلی کی شکایات دور کرنے اور ترقیاتی فنڈز دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ صوبائی کابینہ میں توسیع کے ساتھ ساتھ حکومتی ارکان کو مزید ترقیاتی فنڈز دے کر راضی کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان کے دورہ لاہور کے موقع پر وزرا نے اپنی وزارتوں سے متعلق انہیں بریفنگ بھی دی۔صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے نئے اسپتالوں کی تعمیراور صحت کارڈ کی شاندار پذیرائی سے متعلق آگاہ کیا۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے جہاں انہیں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔ وزیراعلی نے خانیوال واقعہ کی تحقیقات سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ آئی جی پنجاب پولیس اورچیف سیکرٹری بھی بعد ازاں ملاقات میں شریک ہوئے۔آئی جی پنجاب پولیس نے خانیوال واقعہ میں ہونے والی گرفتاریوں سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وزیراعلی پنجاب نے لاہور کے میگا پراجیکٹ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے بارے وزیراعظم کو بریف کیا۔ وزیراعظم نے ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے کے لیے سخت مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی اور ساتھ ہی ترقیاتی منصوبوں میں بہترین پیشرفت پر وزیراعلی عثمان بزدار کو شاباش دی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پنجاب میں صحت کارڈ کے تحت سہولیات حکومت پنجاب کا بہترین قدم ہے، آنے والے دنوں میں عوامی آسانی کیلئے مزید منصوبے لائے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں