کیسکو نے عدم ادائیگی پر واسا و پی ایچ ای کی بجلی منقطع کردی
کوئٹہ:کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)نے کوئٹہ شہر میں واٹر اینڈ سینی ٹیشن اتھارٹی (واسا) اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای) کے ان تما م کنکشنز کومنقطع کر دیا ہے جہاں سے بلوں کی مدمیں وصولی نہیں ہورہی ہے۔ ِاس سلسلے میں کوئٹہ شہر میں واسا کے ذمہ مجموعی طورپرواجب الادارقم ایک ارب 12 کروڑروپے جبکہ پی ایچ ای کے ذمہ (صرف کوئٹہ شہرمیں)تقریباً56کروڑروپے سے زائدکے بقایاجات واجب الادا ہیں۔اِس سلسلے میں چیف انجینئر(آپریشن ڈائریکٹر) شوکت جوگیزئی نے تمام سپریٹنڈنگ انجینئرز(آپریشن سرکلز) کو صوبہ بھر میں سرکاری و نجی نادہندگان کے کنکشنز بلا تفریق منقطع کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں کیونکہ سرکاری و نجی نادہندگان کی جانب سے بل جمع نہ کرنے کی وجہ سے کمپنی کے مالی مسائل بڑرہے ہیں۔ اسی لیئے کیسکونے بقایاجات کی عدم ادائیگی پر تمام نا دہندگان کے بجلی کے کنکشنزمنقطع کرنے کافیصلہ کیاہے جو اب تک اپنے ذمہ واجبات کی ادائیگی کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں سرکاری نادہندگان کے کنکشنز منقطع اور دوسرے مرحلے میں نجی و دیگر نادہندگان کے کنکشنز منقطع کیئے جائینگے علاوہ ازیں کمپنی کے تمام آپریشن کے افسران و ملازمین کوسختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صوبہ بھرمیں ناہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھیں اور بجلی چوری کی روک تھام کے لئے کی کیسکو کی مختلف ٹیمیں بھی مختلف علاقوں میں کارروائی کررہی ہیں جو انھیں موقع پرجرمانہ بھی کر رہے ہیں۔ زمینداروں کی جانب سے بھی بقایاجات جمع نہ کرنے کی وجہ سے کیسکومزیدمالی بحران کاشکار ہوتی جارہی ہے جس کی وجہ سے بجلی کے جاری ترقیاتی منصوبے بھی بروقت مکمل کرنے میں بھی مشکلات پیش آنے کے علاوہ دیگرتمام صارفین کے لئے بھی لوڈشیڈنگ جیسے کئی مسائل پیداہورہے ہیں۔کیسکوبذات خودبجلی خریدنے اوربیچنے والی ایک کمپنی ہے جو بلوں کی ادائیگی نہ کرنے والے کسی بھی صارف کو بجلی فراہم نہیں کرسکتی صارفین کوبجلی فراہم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ کیسکوخریدی گئی بجلی کی بروقت ادائیگی کرے جو صرف اورصرف تمام صارفین کی جانب سے بلوں کی ادائیگی کی صورت میں ممکن ہے۔اسی لئے کیسکو اپنے تمام نادہندہ صارفین سے اپیل کر تی ہے کہ وہ اپنے بل مقررہ وقت پر اداکرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ذمے تمام واجب الادابقایاجات فوری طورپراداکریں بصورت دیگر انکے کنکشنز بلا تفریق منقطع کیئے جائینگے۔


