وطن ٹیچرز ایسوسی ایشن کا میٹرک کے امتحانات کے بائیکاٹ کا اعلان
کوئٹہ: وطن ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی صوبائی کابینہ کا اجلاس 15 مارچ سے شروع ہونے والے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ کرپٹ کنٹرولر بورڈ جو گزشتہ بارہ سال سے بورڈ کے مختلف اہم کلیدی عہدوں پر قابض رہ چکا ہے، کرپشن کمیشن کے زور پر بورڈ کی ساکھ کو انتہائی متاثر کر چکا ہے، میٹرک کے حالیہ 15 مارچ سے ہونے والے امتحان میں سپروائزری اسٹاف کے آرڈر پیسوں کے عوض فروخت کئے جن کے واضح ثبوت موجود ہیں جس سے میٹرک کے حالیہ امتحانات کو ابھی سے مشکوک بنا دیا گیا ہے۔ قابل اور حقدار طلبا کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی، جب سے موجودہ کنٹرولر بورڈ نے عہدہ سنبھالا ہے تعلیم کا جنازہ نکل چکا ہے، حقدار بچوں کی حق تلفی ہو رہی ہے، جس سے بورڈ کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے، ہم ایسے امتحان کا حصہ کسی صورت نہیں بن سکتے جس سے نقل کا رحجان بڑھ جائے اور امتحان کی شفافیت ختم ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی من پسند لوگوں کو من پسند سینٹرز دئیے گئے ہیں جہاں پر ڈپلیکیٹ اسٹوڈنٹ بٹھائے جاتے ہیں تا کہ ان کو ٹاپ کے نمبرز دلائے جا سکیں اور یہ سب کنٹرولر بورڈ کی سر پرستی میں کیا جاتا ہے۔


