شاہ رخ خان نے والدہ کی وفات کے بعد کھانا کھانا کیوں چھوڑ دیا؟
معروف اداکارہ عالیہ بھٹ نے ایک مرتبہ کنگ خان کی بری عادت سے متعلق انکشاف کیا تھا کہ وہ کبھی کھانا نہیں کھاتے۔بھارتی میڈیا ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق عالیہ بھٹ نے 2016 میں دیے گئے انٹرویو میں بتایا تھا کہ انہوں نے اپنی فلم ‘ڈیئر زندگی’ کے سیٹ پر شاہ رخ کو کبھی کھانا کھاتے نہیں دیکھا۔اداکارہ نے کہا کہ شاہ رخ میں ایسا کچھ نہیں ہے جو مجھے ناپسند ہو البتہ ان کی ایک عادت مجھے پسند نہیں اور میں کافی پریشان بھی ہوئی، وہ یہ کہ وہ کھانا نہیں کھاتے۔عالیہ بھٹ نے فلم ڈیئر زندگی کے سیٹ پر رونما ہونے والے واقعے کا تذکرہ کیا کہ ہم فلم کے کچھ سین عکسبند کررہے تھے، سیٹ پر مکمل خاموشی تھی اور کسی کو بھی بولنے کی اجازت نہیں تھی کہ اچانک مجھے شاہ رخ کے پیٹ سے کچھ آوازین سنائی دیں۔اداکارہ نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ یقینی طور پر شاہ رخ کے پیٹ سے اسی لیے آوازیں آرہی تھیں کیونکہ انہوں نے کچھ نہیں کھایا تھا جس کے بعد ہم نے انہیں بسکٹس دیے۔عالیہ بھٹ نے بتایا کہ شاہ رخ بہت زیادہ کافی پیتے ہیں، کافی میں بھی پیتی ہوں لیکن میں کھانا بھی کھاتی ہوں مگر اداکار صرف کافی یا اس کے ساتھ بسکٹس یا کچھ اور ہلکا پھلکا کھالیتے ہیں۔ شاہ رخ خان نے اپنی فلم ‘زیرو’ کی ریلیز سے قبل 2019 میں دیے گئے انٹرویو میں کھانا نہ کھانے کی وجہ بتائی تھی۔اداکار کے مطابق والدہ کی وفات کے بعد کچھ بھی پہلے جیسا نہیں رہا، یہ تھوڑا سا نفسیاتی معاملہ ہے، 20 سال سے زائد کی عمر تک ماں خود مجھے اپنے ہاتھوں سے کھانا کھلاتی تھیں، ان کے انتقال کے بعد میری کھانے میں دلچسپی ہی نہیں رہی۔شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ مجھے میرے والدین کے ہاتھ کے کھانے کی عادت تھی، میں یہ نہیں کہہ رہا کہ دوسرے لوگ اچھا نہیں پکاتے لیکن میری والدہ اور والد دونوں کو ہی کھانا پکانے کا بہت شوق تھا اور وہ ذائقہ ان کے ہاتھوں سے چھلکتا تھا۔اداکار نے بتایا کہ میرے والدین کا دہلی میں ہوٹل ہوا کرتا تھا جسے دونوں مل کر چلاتے تھے، والد پشاوری پٹھانی کھانے بنانے کے ماہر تھے جب کہ حیدر آبادی تھیں اور سب سے شاندار بریانی بناتی تھیں۔شاہ رخ خان کے مطابق اگر کوئی شخص انہیں کھانے کے لیے کسی بھی چیز کی پیشکش کرے تو وہ بخوشی قبول کرتے ہیں لیکن ان کا خود سے کچھ بھی کھانے کا دل نہیں کرتا۔
واضح رہے شاہ رخ کی والدہ لطیف فاطمہ خان کا انتقال 1990 میں ہوا تھا۔