عراق کے کرد خطے میں 12 بلیسٹک میزائلوں سے حملہ

بغداد (مانیٹرنگ ڈیسک)عراق کے شمالی کرد خطے کے دارالحکومت اربیل میں اتوار کے روز 12 بلیسٹک میزائل گرے ہیں۔ علاقائی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ حملہ صبح 1 بجے ( پاکستانی وقت کے مطابق اتوار کی صبح 3 بجے ) ہوا۔ طویل فاصلے تک مار کرنے والے 12 میزائل عراق کے باہر مشرق کی جانب سے فائر کئے گئے جو اربیل میں امریکی قونصل خانے کی نئی عمارت، اس کے اردگرد رہائشی علاقے اور قریب ہی واقع کردش 24 ٹی وی چینل کے پاس گرے۔ بیان کے مطابق حملے میں ایک شہری زخمی ہوا اور متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا، کرد سیکورٹی فورسز واقعے کی تحقیقات کررہی ہیں، اس کی مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔ دریں اثنا عراقی جوائنٹ آپریشن کمانڈ کے میڈیا آفس نے ایک بیان میں اربیل پر حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی۔ کسی بھی گروپ نے نسبتا پرامن کردش خطے میں حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ اربیل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے کمپلیکس میں تعینات امریکی افواج ماضی میں نامعلوم ملیشیا کی جانب سے راکٹوں اور بوبی ٹریپ ڈرونز کی زد میں آچکی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں