حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی چپقلش، اہم حکومتی رہنماؤں کی سیکورٹی سخت

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری سیاسی چپقلش اور رسہ کشی کے باعث اہم حکومتی رہنماؤں کی سیکورٹی کو سخت کردیا گیا ہے جبکہ حکومتی وزراء کو نقل و حرکت میں محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، دوسری جانب اپوزیشن رہنماؤں نے بھی ممکنہ سیکورٹی خدشات کے باعث اپنی نقل و حرکت میں سیکورٹی میں اضافہ کردیا ہے۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد سیاسی ماحول میں تلخی دیکھنے میں آئی جس کے باعث انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر اہم حکومتی شخصیات اور وزراء کو سیکورٹی سخت کرنے کا کہا گیا ہے۔ جبکہ نقل و حرکت کے دوران بھی انہیں محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے بچا جاسکے۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کے اہم رہنماؤں کو بھی سیکورٹی خدشات کے باعث محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور انہیں سیکورٹی میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کا کہا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں