کوہلو، نادرا سہولت مرکز پر کارڈ کا حصول مشکل، شہری پریشان
کوہلو (انتخاب نیوز) کوہلو نادرا آفس سہولت کے بجائے مشکلات کا سینٹر بن گیا ضلع کے ڈھائی لاکھ سے زائد نفوس پر مشتمل آبادی کیلئے سمارٹ کارڈ اور بے فارم کا حصول ایک کڑا امتحان بن گیا ہے ضلع کے واحد سینٹر میں بنیادی سہولیات تو طویل عرصے سے ناپید ہیں مگر اب سینٹر میں حصول کارڈ کیلئے گھنٹوں تک لائن میں انتظار کے باوجود مایوسی یہاں کے لوگوں کیلئے درد سر بن چکا ہے جبکہ دوسری جانب نادرا آفس کے سامنے حصول کارڈ کیلئے آئے ہوئے شہریوں نے بتایا کہ یہ سینٹر ہے یہاں کوئی سہولت اور انتظام ہی نہیں ہے یہاں کئی لوگوں نے بتایا کہ ان سے پیسے اور رشوت بھی طلب کی جاتی رہی ہے جبکہ انہیں عملے کی جانب سے غیر اخلاقی رویہ کا بھی سامنا ہے ایک بزرگ شخص نے بتایا کہ وہ گزشتہ کئی دنوں سے دور دراز علاقے نیلی سے اپنے بچوں کے بے فارم کے حصول کے لئے یہاں آئے ہوئے ہیں مگر یہاں کوئی سسٹم ہی نہیں ہے خواتین اور بزرگ شہریوں کا خیال رکھا ہی نہیں جارہا ہے شام ہوتے ہی بتاتے ہیں آج نہیں ہوگا کل آجائیں۔ جان پہچان رکھنے والے لوگ اندر جاتے ہیں اور شناختی کارڈ بناتے ہیں تاہم غریب لوگ یہاں دن بھر قطاروں میں کھڑا رہ کر انتظار کرتے رہتے ہیں جس سے ان کی مایوسی اور مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے انہوں نے بتایا کہ گرمیوں کی آمد ہے یہاں سایہ اور پانی سمیت دیگر بنیادی سہولیات تو ہیں ہی نہیں اب ماہ صیام میں یوں یہاں لوگوں کو خوار ہونا پڑے گا کیونکہ کوئی پوچھنے والا نہیں ہے شہریوں نے بتایا کہ انہوں نے کئی مرتبہ یہاں کے انتظامیہ سے بات کی ہے مگر کوئی سننے کو تیار ہی نہیں ہے ہمیں سمجھ نہیں آتا کہ کوہلو نادرا آفس متعلقہ ذمہ داروں کی عدم توجہی سے کیوں سہولت سینٹر کے بجائے مصیبت سینٹر میں تبدیل ہوچکا ہے یہاں ایسا غیر اخلاقی رویہ اور برتاؤ کیا جارہا ہے جیسے یہ لوگ قومی کارڈ بنا کرہمارے اوپر احسان کررہے ہیں یہ عملہ حکومت سے تنخواہ لیتی ہے اور ہم باقاعدہ سمارٹ کارڈ بنانے کے یہاں فیس جمع کرتے ہیں مگر پھر ایسا رویہ اور برتاؤ کیوں؟ جبکہ ارجٹ سمارٹ کارڈ بھی وقت پر نہیں پہنچتے ہیں جہاں کبھی ڈاک اور کبھی سسٹم کا مسئلہ درپیش رہتا ہے لوگوں کی بڑی تعداد نے چیئرمین نادرا پاکستان طارق ملک اور ریجنل چیئرمین بلوچستان سمیت چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا،وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو،صوبائی وزیر میرنصیب اللہ مری،کمشنر سبی ڈویژن بالاچ عزیز اور ڈپٹی کمشنر کوہلو قربان علی مگسی سے مطالبہ کیا ہے کہ کوہلو میں نادرا ٓفس میں لوگوں کو درپیش مسائل کا فوری نوٹس لیکر حصول سمارٹ کارڈ اور بے فارم کو آسان بنایا جائے بصورت دیگر وہ اب احتجاج پر مجبور ہوں گے۔


