اسد قیصر نے آئین کی پاسداری کا حلف اٹھایا ہے، نیازی کی وفاداری کا نہیں،سعید غنی

اسلام آباد:سعید غنی نے کہا ہے کہ اسد قیصر نے آئین کی پاسداری کا حلف اٹھایا ہے، نیازی کی وفاداری کا نہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے عدم اعتماد کے حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسد قیصر نے آئین کی پاسداری کا حلف اٹھایا ہے، نیازی کی وفاداری کا نہیں، آئین اور رولز کے تحت اسپیکر 14 روز میں اسمبلی اجلاس بلانے کا پابند ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پر 28 مارچ تک ووٹنگ نا ہونا آئین کی سنگین خلاف ورزی ہوگی، اسپیکر 7 روز میں عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ کروانے کا پابند ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آئین کی خلاف ورزی پر اسپیکر کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ہو سکتی ہے، نیازی سرکار او آئی سی کانفرنس کی آڑ میں آئین کی سنگین خلاف ورزی سے باز رہے۔

سعید غنی نے کہا کہ عمران نیازی اسمبلی میں اکثریت کھونے کے بعد وزیر اعظم کے عہدے پر چمٹا ہوا ہے، عمران نیازی شکست خوردہ ذہنیت کے ساتھ اراکین اسمبلی پر حملے کروا رہا ہے۔وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ نیازی حکومت کے غیر قانونی احکامات ماننے والے افسران کے خلاف کارروائی ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں