پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت میں اضافہ ہوا، ایرانی قونصل جنرل

کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ میں متعین اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل حسن درویش وند نے نوروز کے حوالے سے جاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات میں مزید پیش رفت آئی ہے بلکہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت میں بھی 25فیصد تک اضافہ ہوا ہے ، نوروز ایک پل کی مانند دونوں ممالک کی عوام کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کو مضبوط کرتا ہے ۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ کا شکرادا کیا ہے کہ انہوں نے مجھے آپ کے ساتھ ایک اور خوشگوار موسم بہار گزارنے اور نئے سال اور نوروز کو ایک ساتھ منانے کی توفیق عطا کی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اسلامی جمہوریہ ایران اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات میں بہت سے مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔پیغام میں کہا گیا ہے کہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ گذشتہ سال دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں 25 فیصد نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ہمارے قائدین اس دوطرفہ تعلقات کو دوستی اور بھائی چارگی کے ذریعے مثالی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ بلاشبہ نوروز اس اچھے اقدام کیلئے ایک اچھا آغاز ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نوروز ایک پل کی مانند طویل عرصہ سے ہمارے اقوام کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کو مضبوط کرتا آرہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں