ناسا کا چاند پر جانے والی دوسری خلائی گاڑی تیار کرنے کا اعلان
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) ناسا نے دوسری انسانی قمری لینڈر (خلائی گاڑی)تیار کرنے کے منصوبے کا اعلان کردیا ہے۔ انسانی قمری لینڈر اسپیس شٹل کی طرح ہوتا ہے جس میں انسان بیٹھ کر چاند پر اتر سکتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انسان کو چاند پر دوبارہ بھیجنے کے لیے ناسا کی یہ دوسری بڑی خلائی پرواز ہوگی۔ شٹل کی تعمیر کے لیے ایجنسی تجارتی خلائی کمپنیوں سے ایسے شٹل کے لیے تصورات تجویز کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے جو لوگوں کو چاند کے مدار اور چاند کی سطح تک لے جا سکیں۔ناسا کا ہدف ہے کہ وہ 2026 یا 2027 تک جلد از جلد انسانی قمری لینڈر تیار کرلے ۔ ناسا نے پہلے سے ہی کمرشل پارٹنر اسپیس ایکس کے ساتھ قمری لینڈر تیار کرنے کا معاہدہ کر رکھا ہے جس کا مقصد چاند پر پہلی خاتون اور ایک مرد کو بھیجنا ہے۔2021 میں ناسا نے مستقبل کی اسٹار شپ شٹل کو ایک ایسے لینڈر میں تیار کرنے کے لیے اسپیس ایکس کو 2.9 بلین ڈالرز کا کنٹریکٹ دیا تھا جو انسانوں کو چاند تک لے جا سکے۔ناسااصل میں انسانی قمری لینڈرز تیار کرنے کے لیے دو کمپنیوں کو چننا چاہ رہا تھا تاکہ کمپنیوں کے درمیان تعمیری مقابلے کی حوصلہ افزائی کی جا سکے اور اخراجات کو کم رکھا جا سکے۔ تاہم ایجنسی نے بالآخر ایک کا انتخاب کیا جو اسپیس ایکس ہے۔ سال 2021 میں ناسا نے کانگریس سے خلائی گاڑیوں کی تیاری کے لیے 3.4 بلین ڈالرز کی امداد کی درخواست کی تھی لیکن اسے صرف 850 ملین ڈالر ملے جو مانگی گئی قیمت کا 25 فیصد تھا۔ نتیجتا کم اخراجات کیلئے ناسا اور اسپیس ایکس کا معاہدہ ہوا۔


