گڈانی، انتظامیہ سے کامیاب مذاکرات، ماہی گیروں کا دھرنا ختم
گڈانی (انتخاب نیوز) بی سی ڈی اے کیخلاف مقامی ماہی گیروں کی معروف سوشل ورکر لال بی بی بلوچ کی قیادت میں جاری دھرنے کو کامیاب مذاکرات کے بعد ختم کردیا گیا۔ مذاکراتی ٹیم میں ڈپٹی کمشنر و اسسٹنٹ کمشنر حب احمد ظہیر کی خصوصی ہدایت پر تحصیلدار گڈانی حاجی عبدالمنان، وڈیرہ راشد انور، وڈیرہ عبدالغنی، نیشنل پارٹی گڈانی کے صدر جان محمد، سابق کونسلر مولا بخش حیدر، عطااللہ رشید، ماہی گیر و مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے۔ اس موقع پر بی سی ڈی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جاوید شیخ بھی موجود تھے۔ جاوید شیخ نے بذریعہ فون سیکرٹری بی سی ڈی اے سے رابطہ کرکے ماہی گیروں کے تحفظات سے سیکرٹری کو آگاہ کیا۔ بعد ازاں باہمی صلاح مشورہ و افہام و تفہیم کے بعد دھرنے کو کامیاب مذاکرات کے بعد ختم کیا گیا۔ لال بی بی بلوچ نے ماہی گیروں کو کامیاب مذاکرات کی مبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ ہمارے تحفظات کو یقیناً دور کیا جائے گا۔


