عدم اعتماد پر عدالت نے آئین سے کھلواڑ پر نوٹس لیا، حمزہ شہباز
لاہور (انتخاب نیوز) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہاہے کہ آئین و قانون کی پامالی کی جا رہی ہے ،آئین ایک مذاق بن کے رہ گیا ہے۔ مےڈےا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہبازنے کہاکہ قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں ایک تماشہ لگایا ہوا ہے ،آج ملکی تاریخ میں سیاہ دن ہے ،اس معاملے پر زیادہ گفتگو نہیں کرنا چاہتا کیونکہ یہ معاملہ اب سپریم کورٹ میں زیربحث ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہمیں امید ہے کہ سپریم کورٹ میں آئین کی بالادستی کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا ۔آئین و قانون سب کے لئے ہے اس لئے ہمیں امید ہے کہ ہمیں سپریم کورٹ سے ریلیف مل جائے گا ۔عدالت عظمی نے آئین سے کھلواڑ پر نوٹس لیا ہے ،یہ واقعہ عمران نیازی کی بیہودہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے ۔سابق گورنر پنجاب کے بیان سے ساری گفتگو واضح ہو گئی ہے ،انہوں نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ وہ آئین و قانون کی خلاف ورزی سے بچ گئے ہیں ۔آئین و رولز کی خلاف ورزی کر کے مقررہ شیڈول سے یہ بھاگ گئے ہیں ۔ہمیں امید رکھنی چاہیے کہ عدالت عظمی کے فیصلے سے آئین و قانون کی بالادستی ہو گی اور آئینی حکمرانی کو تقویت ملے گی۔


