اٹارنی جنرل کا عمران نیازی کے اقدامات کی حمایت کرنا افسوسناک ہے، نثار کھوڑو

کراچی (انتخاب نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدرنثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ آئین پر حملے کی حمایت کرنے والوں کو رسوائی کے علاوہ کچھ نہیں ملے گا۔اپنے جاری کردہ ایک بیان میں نثار کھوڑونے کہا کہ اٹارنی جنرل بیرسٹر خالد جاوید خان کی جانب سے عمران نیازی کے اقدامات کی حمایت کرنا افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ اٹارنی جنرل کا خاندان کے جمہوریت دوست پس منظر ہونے کے باوجود آئین پر حملے کی حمایت اپنے بزرگوں کی جدوجہد کی توہین ہے، آج عوام کی حق حاکمیت پر شب خون مارنے کی حمایت کرنے والے جنرل ایوب خان اور جنرل ضیا الحق کی قبروں کو دیکھ لیں۔پی پی پی سندھ کے صدر نے کہا کہ جمہوریت کے لیئے جاری لڑائی میں حتمی فتح عوام کی ہوگی، آئین پر حملے کی حمایت کرنے والوں کو رسوائی کے علاوہ کچھ نہیں ملے گا۔عمران خان نے ایوان کا تقدس پامال کیا۔جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی کوشش کی گئی ہے، قومی اسمبلی کو اپنی مرضی سے چلایا گیا ہے، ہمارے قائدین نے جمہوریت کے لیے قربانیاں دیں ہم جمہوری عمل کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہاکہ پی پی جمہوریت کے بحالی کے لیے قربانیاں دیتی آئی ہے، سپریم کورٹ سے امید رکھتے ہیں کہ وہ ہمیں ہی نہیں پوری قوم کو انصاف دے گی۔انہوں نے کہا کہ آخری بال تک لڑنے کی باتیں کرنے والے میدان سے بھاگ گئے لیکن ہم ان کو بھاگنے نہیں دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں