نامعلوم فرد کا امام علی رضا کے روضے کے اندر حملہ، ایک عالم جاں بحق، دو زخمی

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) موصولہ رپورٹ کے مطابق آج سہ پہر کے وقت ایک نامعلوم فرد نے ایران کے شہر مشہد مقدس میں واقع امام رضا کے روضہ مبارک کے اندر تین علما پر چاقو سے حملہ کر دیا۔ آخری اطلاع کے مطابق اس حملے میں ایک عالم دین جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ابتدائی رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ یہ تینوں علماءایک فلاحی و تبلیغی گروپ کے رکن تھے جو مشہد مقدس کے مضافاتی علاقوں میں فلاحی، رفاہی اور تبلیغی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ یہ حملہ روضہ امام علی رضا کے صحن پیغمبر اعظم میں ہوا۔ حجت الاسلام دارایی، حجت الاسلام پاکدامن اور حجت الاسلام اصلانی حملہ آور کا نشانہ بنے جس میں سے حجت الاسلام اصلانی جاں بحق ہوئے۔ بتایا جاتا ہے کہ موصوف ایران پر عراق کی جانب سے مسلط کردہ آٹھ سالہ جنگ کے دوران بھی محاذ پر موجود رہے اور انہوں نے دفاع انقلاب و وطن میں جانفشانیاں کی ہیں۔ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں