ایوان کو تالے اور خاردار تاریں لگا کر آئین کو روندا جا رہا ہے، شہباز شریف

لاہور (انتخاب نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئین انصاف چاہتا ہے، تاخیر آئین شکنوں کے حوصلے بڑھاتی ہے، چند سیکنڈ میں آئین پامال کرنے والوں کی کئی دن گزرنے کے باوجود گرفت نہ ہونا عوام کو پریشان کر رہا ہے۔ ایک بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جتنی تیز رفتاری سے آئین شکنی ہوئی عوام انصاف بھی اتنا ہی تیز ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں، وفاق کے بعد اب پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں کھلم کھلا آئین شکنی جاری ہے، عوام کے نمائندہ ایوان کو تالے اور خاردار تاریں لگا کر آئین کو روندا جا رہا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کو طاقت اور غنڈہ گردی سے آئین اور سپریم کورٹ کے حکم پر چلنے سے روکے جانا سراسر بغاوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات سے عوام اور دنیا کو کیا یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ آئین اور قانون لاوارث ہے؟ عمران نیازی آئین، قانون اور جمہوریت کا قتل عام کرکے دندناتا پھر رہا ہے، عمران نیازی اپنے ساتھ پورے نظام اور ملک کو ڈبونے پر تل چکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں