فلسطین، اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے خاتون جاں بحق

بیت المقدس (مانیٹرنگ ڈیسک) خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ مغربی کنارے کے جنوبی علاقے میں اسرائیلی فورسز فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں خاتون جاں بحق ہوگئیں۔ وزارت صحت کا کہنا تھا کہ 40 سالہ خاتون کو زخمی حالت میں مغربی کنارے کے شہر بیت جالا کے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ خون زیادہ بہ جانے کی وجہ سے جانبر نہ ہوسکیں۔ بیان میں کہا گیا کہ جاں بحق خاتون کی شناخت غادا ابراہیم سباتین کے نام سے ہوئی، جن کے شوہر پہلے ہی انتقال کرچکے تھے اور ان کا 6 ماہ کا بچہ ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ خاتون ان کی طرف بڑھ رہی تھی تو خبردار کرنے کے لیے سپاہیوں نے ہوائی فائرنگ کی تاہم اسی دوران گول سیدھے جا کر ان کے جسم میں لگی۔ بیان میں کہا کہ خاتون کو طبی امداد کے لیے ہلال احمر کے ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ خیال رہے کہ رمضان کے آغاز کے ساتھ اسرائیل اور مغربی کنارے میں کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں