پاکستان کو بھیجے گئے امریکی دھمکی آمیز مراسلے کی کاپی سپریم کورٹ کو موصول

اسلام آباد (انتخاب نیوز) امریکہ کی جانب سے پاکستان کو بھیجے گئے دھمکی آمیز مراسلے کی کاپی سپریم کورٹ کو موصول ہو گئی۔ذرائع کے مطابق رجیم چینج سے متعلق دھمکی آمیز امریکی مراسلے کی کاپی عدالت عظمی کو بھجوا دی گئی ہے جو سپریم کورٹ کو موصول ہو گئی ہے۔دھمکی آمیز مراسلے کی کاپی سیکرٹری چیف جسٹس نے وصول کی۔ ڈپٹی سپیکر نے دھمکی آمیز مراسلہ چیف جسٹس کو بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔نومنتخب وزیراعظم شہبازشریف دھمکی آمیز مراسلے پر بریفنگ لینے کا اعلان کر چکے ہیں۔ نئے وزیراعظم مراسلے پر خفیہ اداروں کے سربراہان سے بریفنگ لیں گے۔شہباز شریف نے دھمکی آمیزخط پارلیمنٹ میں لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کوئی غدار ہے اور نہ کوئی غدار تھا،خط پارلیمان اور دنیا کے سامنے آنا چاہیے تاکہ یہ بحث ہمیشہ کیلئے ختم ہو۔وزیراعظم نے کہا کہ پارلیمان کی سیکیورٹی کمیٹی کے ان کیمرہ اجلاس میں بریفنگ دی جائے، اجلاس میں خط لکھنے والے سفیر،تمام ارکان پارلیمنٹ اور مسلح افواج کے سربراہ شریک ہوں۔سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہا ہے کہ دھمکی آمیز خط سپریم کورٹ آفس کو موصول ہوگیا ہے۔ ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں قاسم سوری نے کہا ہے کہ میری ہدایات پر قومی اسمبلی کی جانب سے بھیجوایا گیا خفیہ سیل شدہ مراسلہ سپریم کورٹ آفس کو موصول ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیل شدہ مراسلے میں واضح طور پر لکھا ہوا ہے کہ عدم اعتماد کامیاب ہوئی تو معافی وگرنہ پاکستان کو سنگین نتائج کا سامنا ہوگا۔قاسم سوری نے کہا ہے کہ معزز عدالت عالیہ سے میمو گیٹ طرز کمیشن بنا کر انکوائری کی امید ہے۔دوسری جانب سابق وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہاہے کہ پارلیمنٹ کے اندر دوبارہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس بلانے کو مسترد کرتے ہیں،سپریم کورٹ کی سطح پر کمیشن تشکیل دیا جائے،الیکشن کمیشن کو اپنی آئینی ذمے داری پوری کرنا ہوگی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے بتایاکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا،سازش کے تخت کرائم منسٹر کو لایا گیا،پاکستانی عوام نے امپورٹڈ حکومت کو مسترد کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں