وزیراعظم کی بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نمٹنے کی حکمت عملی بنانے کی ہدایت
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیراعظم نے بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نمٹنے کی حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں توانائی کی صورتحال کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں مفتاح اسماعیل، شاہد خاقان عباسی، خزانہ اور پٹرولیم کی وزارت کے حکام شریک ہوئے۔ بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی یقینی بنانے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا جہاں شرکا نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر بھی غور کیا، اس دوران وزیراعظم نے بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نمٹنے کی حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی اور ملک میں پٹرولیم منصوعات کی دستیابی یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کیے۔خیال رہے کہ ملک بھر میں سحر و افطار اور تراویح میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، پاور ڈویژن نے رمضان المبارک کی آمد پر سحر و افطار اور تراویح کے خصوصی اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں پاور ڈویژن نے تمام پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں سے طلب و رسد کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں۔دوسری طرف وفاقی حکومت کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنا بڑا چیلنج بن گیا، پرائس ڈیریشنل کلیم کے باعث آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو مالی مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے پٹرولیم ڈویژن نے پیٹرولیم مصنوعات 35 روپے فی لٹر بڑھانے کی سفارش کی تھی، پٹرولیم مصنوعات کی قلت کے پیش نظر سمری کابینہ کو ارسال کی گئی جس میں سفارش کی گئی تھی کہ پٹرول فوری طور پر 27 روپے اور پائی سپیڈ ڈیزل 35 روپے فی لٹر تک مہنگا کردیا جائے۔خیال رہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے 28 فروری کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 30 جون تک نہ بڑھانے کا اعلان کیا تھا، 14 مارچ سے 29 مارچ کے درمیان عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں کے تناظر میں دیکھا جائے تو یکم اپریل سے 15 اپریل کے دوران پیٹرول کی ایکس ڈپو فی لیٹر قیمت 174 روپے 64 پیسے بنتی ہے جب کہ اسے 149 روپے 86 پیسے فی لیٹر پر فروخت کیا جانا ہے۔ اسی طرح ملک میں اس وقت ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 144 روپے 15 پیسے فی لیٹر ہے جب کہ یکم اپریل سے 15 اپریل کے عرصے میں اس کی فی لیٹر ایکس ڈپو قیمت 187 روپے 25 پیسے بنتی ہے، اس طرح حکومت ایک لیٹر ڈیزل پر 43 روپے 10 پیسے اور پیٹرول پر 24 روپے 78 پیسے فی لیٹر قومی خزانے سے ادا کرتی ہے۔


