اسپیکر پنجاب اسمبلی نے ڈپٹی اسپیکر کے اختیارات کی بحالی کیخلاف اپیل دائر کر دی

لاہور:اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے اختیارات کی بحالی کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی۔ڈپٹی اسپیکر کے اختیارات بحال کرنے کے خلاف اسپیکر پنجاب اسمبلی اور ق لیگ کی جانب سے انٹرا کورٹ اپیل دائر کی گئی ہے، اپیل میں دوست محمد مزاری، سیکرٹری اسمبلی سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سنگل بینچ نے درخواست کے قابل سماعت ہونے کے اعتراض پر غور ہی نہیں کیا، عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے کے اعتراض پر کوئی فیصلہ بھی نہیں کیا۔ق لیگ کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کے اختیارات بحال کرنے کا حکم درخواست کے حتمی فیصلے تک معطل کیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسمبلی میں ہنگاموں کی وجہ سے اسمبلی امور چلنا ناممکن ہو چکے تھے، عدالتیں اپنی حدود سے تجاوز نہیں کر سکتیں، آئین میں عدلیہ اور پارلیمان کے اختیارات بتائے گئے ہیں، عدالت کو اسمبلی کے امور میں مداخلت کرنے کا اختیار نہیں ہے۔

مسلم لیگ ق کی درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش ہو چکی، ڈپٹی اسپیکر کی زیر نگرانی وزارت اعلیٰ کا انتخاب کرانے کا حکم کالعدم کیا جائے، آئینی ڈیڈ لاک سے بچنے کے لیے ڈپٹی اسپیکر کے اختیارات واپس لیے گئے تھے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے اختیارات کی بحالی کے خلاف درخواست امتیاز صدیقی ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی گئی۔درخواست میں ڈپٹی اسپیکر، سیکریٹری پنجاب اسمبلی، آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری کو فریق بنایا گیا ہے۔

انٹرا کورٹ اپیل میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس نے ڈپٹی اسپیکر کے اختیارات کی بحالی پر قانون کا غلط اطلاق کیا، چیف جسٹس نے اسمبلی رولز اور آئین کو نظر انداز کر کے ڈپٹی اسپیکر کے اختیارات بحال کیے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ دوست مزاری کو وزارت اعلیٰ کا انتخاب کرانے کی اجازت دینا قانون کی خلاف ورزی ہے جبکہ ڈپٹی اسپیکر کی ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست ہی ناقابل سماعت تھی۔

پرویز الٰہی کی جانب سے بھی ڈپٹی اسپیکر کے اختیارات کی بحالی کا سنگل بینچ کا فیصلہ غیر قانونی و غیر آئینی قرار دے کر کالعدم قرار دینے اور حتمی فیصلے تک چیف جسٹس کے فیصلے کو معطل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیر بھٹی نے گزشتہ روز ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کے اختیارات واپس لینے کے احکامات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں 16 اپریل کو وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں