بلوچ نوجوانوں کو خون میں نہلانا منفی پالیسیوں کا تسلسل ہے، نیشنل پارٹی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری خیر بخش بلوچ نے جاری بیان میں پاک افغان سرحد چاغی کے علاقے میں سیکورٹی فورسز کی فائرنگ سے بلوچ ڈرائیور کی موت کو بدترین سیکورٹی گردی قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی۔ حالیہ واقعہ بھی سیکورٹی فورسز کیجانب سے بلوچ نوجوانوں کو خون میں نہلانا منفی پالیسیوں کا تسلسل ہے۔ جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ڈارئیور کی شہادت اور سینکڑوں گاڑیوں سے ڈرائیورز کو اتارنا اور ان کو گرم صحرا میں بے سروسامان چھوڑنا انسانیت سوز سلوک ہے۔اور مقامی میڈیا و زرائع نے صحرا میں نوجوانوں کی اموات کی ویڈیو بھی رپورٹ کی۔انہوں نے کہا کہ حالیہ واقعے سے معلوم ہوتا ہے کہ سیکورٹی فورسز مکمل طور پر قانون سے ماوراءہے۔اور بلوچ نوجوان کو لاپتہ کرنے۔تشدد کرنے اور فائرنگ سے جاں بحق کرنے میں ہچکچاتا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں روزگار کے ذرائع ناپید ہے۔اور بارڈر ٹریڈ سے لوگ اپنے بچوں کی پیٹ پالنے کی کوشش کرتے ہیں۔لیکن سیکورٹی فورسز نے اس مزدوری پر بھی قبضہ کررکھی ہے اور بھتہ خوری کو عروج پر پہنچا دیا۔عوام سے بھتہ بھی لیا جاتا ہے اور ان کو ذلیل بھی۔لیکن اب ان کی زندگیوں کو بھی چھینا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی عوام کی جماعت ہے اور عوام ایشوز پر خاموش نہیں رہیگی۔ نوکنڈی چاغی سانحے کے ملزمان کیخلاف فوری کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندانوں کی دادرسی کی جائے اور آئندہ ایسے گھناﺅنے اقدامات کو روکنے کے لیے قرار واقعی اقدامات کیے جائے۔


